اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ چینی ہم منصب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دفترخارجہ کے مطابق چین کے صدرشی چن پنگ نے پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی تھی۔ صدرمملکت اپنے ہم منصب سمیت چین کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کا دورہ چین سے اظہار یکجہتی کے لئے ہے۔ چین نے حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے خلاف قابل قدر اقدامات کئے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تعلقات بھی ہیں۔
خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس کے سبب اس وقت انتہائی بری صورتحال ہے اور تا دم تحریر3213 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
چین میں 80860 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 3226 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ کورونا کے مریضوں اور ہلاکتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔
مشکل کی اس گھڑی میں چین کی وزارت خارجہ نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی تھی کہ میڈیکل اشیا کی فوری مدد کی ضرورت ہے اور پاکستان پہلا ملک تھا جس نے طبی آلات پر مشتمل فوجی جہاز چین بھیجوایا تھا۔