اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے مسافروں کی جہاز سے اترنے کی اجازت ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم سے مشروط کردی ہے۔
سی اے اے نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ دوران پرواز ہی مسافروں سے ہیلتھ فارم مکمل کروائیں۔ دوران سفر فارم مکمل نہ کرنے والے مسافروں کو جہاز کی سیڑھیاں اور بورڈنگ بریج فراہم نہیں کیا جائے گا۔
سی اے اے کے مطابق طیارے کی لینڈنگ سے پہلے ایئر ٹریفک کنٹرولر پائلٹ سے 2 بار رابطہ کرے گا۔ پہلے رابطے کے دوران ایئرٹریفک کنٹرول کپتان کو فارم مکمل کروانے کی اطلاع دے گا۔ دوسری بار رابطے کے دوران کپتان کو اے ٹی سی کو ہیلتھ فارم مکمل کرنے کی اطلاع دینی ہوگی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس:اندرون ملک سفر کرنے والوں کی اسکریننگ شروع
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ملکی ایئرپورٹس منیجر کو لکھے گئے ہدایات نامہ میں کہا ہے کہ ہیلتھ فارم مکمل کرنے کی رپورٹ نہ دینے پر طیارے سے مسافروں کو اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔