ایئرپورٹس کا شمار کسی بھی ملک کی مصروف ترین جگہوں میں ہوتا ہے جہاں سیکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کیے جاتے ہیں۔
بینک اور دکان میں ڈکیتی کی وارداتیں تو معمول کا کام ہیں لیکن ایئرپورٹ کی حدود میں ڈکیتی کی واردات حیران کن ہے۔
یہ فلمی نہیں اصلی ڈکیتی ہے جس میں ڈاکو لاکھوں، کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے لے اڑے وہ بھی ایئرپورٹ کی حدود سے۔
چلی کے دارالحکومت سینٹیاگو کے ایک ہوائی اڈے پر10 افراد کا مسلح گروہ سیکیورٹی وین پر حملہ کر کرے تین ارب روپے لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق دس افراد پر مشتمل گروہ آرٹورو مینو بینٹیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو ایریا میں داخل ہوا اور سیکیورٹی فرم برنکس سے تعلق رکھنے والی وین کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: چار منٹ میں دنیا کی مہنگی ترین ڈکیتی
مسلحح گروہ نے ڈیلیوری سروس ڈی ایچ ایل کے کارکنوں کی حیثیت سے اپنی شناخت کرائی اور کمپنی کی سرخ اور پیلے رنگ کی گاڑی میں بیٹھ کر ہوائی اڈے میں داخل ہوئے۔
ڈکیتی کے بعد مسلح افراد نے سیکیورٹی گارڈز کو دھمکیاں دیں اور ایک شخص کو زخمی بھی کیا۔ مقامی پولیس افسر نے بتایا کہ 14 ملین امریکی ڈالر اور ایک ملین یورو نقد رقم چوری ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیت انتہائی مہارت یافتہ اور پیشہ ور تھے اور شک ہے کہ کسی نے اندر سے معلومات فراہم کی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 2014 میں بھی ہوائی اڈے پر اسی طرح کے ڈکیتی ہوئی تھی جس میں 10 ملین ڈالر چوری ہو گئے تھے۔