لاہور: خواجہ سعد رفیق کو سروسز اسپتال داخل کرانے کا حکم


لاہور: احتساب عدالت نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو سروسز اسپتال داخل کرانے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے جیل سپرٹنڈنٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو علاج کے لیے سروسز اسپتال داخل کروایا جائے۔

تفصیل پڑھیں: آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق اور خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر جاری

ن لیگی رہنما کے گلے کی تکلیف شدید ہونے کے باعث جیل سپرٹنڈنٹ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کو گلے میں شدید تکلیف ہے اور جیل میں ان کا علاج ممکن نہیں۔

جیل سپرٹنڈنٹ کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سروسز اسپتال میں خواجہ سعد رفیق کو داخل کروانے کی اجازت فراہم کرنے کا حکم دے۔

خیال رپے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریوے خواجہ سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں زیر حراست ہیں۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کا پسِ منظر

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے میں خورد برد کی تحقیقات کا آغاز نومبر 2018 میں کیا گیا تھا۔

نیب نے مؤقف اپنایا تھا کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

اس دوران رواں سال 24 فروری کو پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکا لینے کے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا۔

نیب کے مطابق بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان خود اپنی حکومت گرانے کے درپے ہیں، خواجہ سعد رفیق

بعد ازاں 11 دسمبر 2018 کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائی کورٹ سے نیب نے حراست میں لے لیا تھا۔

نیب نےگرفتاری کے دوسرے ہی روز خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو ابتدائی طور پر 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا، بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی ۔

پراسیکیوٹر نیب کے مطابق پیرا گون سوسائٹی میں 50 کنال سے زائد سرکاری اراضی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں