لاہور: افغان امن معاہدے کےبعد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خطے میں واحد سیاسی رہنما ہیں جو مسلسل جنگ کی مخالفت کر تے رہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ طالبان امریکہ امن معاہدہ وزیر اعظم کے اصولی مؤقف کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے دنیا افواج پاکستان کی قربانیوں کی بھی تعریف کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر کا طالبان رہنماؤں سے ملاقات کا اعلان
چوہدری محمد سرور کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلا ف بھر پور جنگ لڑ نے والی افواج پاکستان پر ہمیں فخر ہے۔
دوسری جانب عمران خان کو امن کا نوبل پرائز دینے کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
افغان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کے باعث عمران خان کو نوبل انعام دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کیلئے دو سال سے جاری مذاکرات کے بعد امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
یہ بھی جانیں: طالبان امریکہ امن معاہدے پر دستخط ہوگئے
امریکہ کی جانب سے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت امریکہ پہلے مرحلے میں ساڑھے چار ہزار فوجی افغانستان سے نکالے گا اور ساڑھے 8 ہزار فوجیوں کا انخلا معاہدے پر مرحلہ وار عملدرآمد سے مشروط ہے۔
افغان جیلوں سے پانچ ہزار طالبان قیدی مرحلہ وار رہا کیے جائیں گے اور طالبان افغان حکومت کےساتھ مذاکرات کے پابند ہوں گے اور دیگر دہشت گردوں سےعملی طور پر لاتعلقی اختیار کریں گے۔
امریکہ اور طالبان کےدرمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئی جس میں دونوں فریقین اور پاکستان سمیت تیس سے زائد ممالک نے شرکت کی۔