چین: سینکڑوں پاکستانی ایئرپورٹ پر پھنس گئے

فائل فوٹو


اسلام آباد: چین کے شہرارمچی میں سینکڑوں پاکستانی وطن واپس آنے کی فلائٹ نہ ملنے کے سبب پھنس گئے ہیں۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا ہےکہ وہ گزشتہ روز سے ائیرپورٹ پرموجود ہیں لیکن آگے کی فلائیٹ نہیں مل رہی، حکام کچھ نہیں بتارہے، کئی پاکستانیوں کے ویزے ختم ہونے والے ہیں اوران کے پاس پیسے بھی نہیں ہیں۔

مسافروں کو کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے احکامات تک ائیرپورٹ پرہی رہیں۔ کبھی کہا جارہا ہے کہ پاکستان اجازت نہیں دے رہا اور کوئی کہہ رہا ہے کہ چینی حکومت فلائیٹ کی اجازت نہیں دے رہی۔

چین میں زیر تعلیم 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد دیگر طلبہ بھی خوفزدہ ہیں۔ ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں بات کرتے ہوئے طالبعلم نے کہا چینی حکومت نے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس جانے کی اجازت دے رکھی ہے اور پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ اپنے طلبہ کو واپس لانے کے لیے اقدامات کرے۔

خیال رہے کہ چین کے وائرس زدہ شہر ووہان میں پانچ سو کے قریب پاکستانی طالب علم موجود ہیں جن کو مقامی یونیورسٹی نے وطن واپس جانے کا کہہ دیا ہے۔

امریکہ اور ترکی سمیت دیگر ممالک نے اپنے شہریوں کو خصوصی فلائیٹ کے ذریعے وائرس زدہ شہر سے نکال لیا ہے۔

چین کے شہرووہان سے پھوٹنے والے پراسرار وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار 711 سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ ایک دن قبل 4 ہزار 515 تھی۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا کے 15 ممالک میں کوروناوائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس سے 170 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس وائرس کا پھیلاو چین سے شروع ہوا تھا لیکن تائیوان، جرمنی، ویتنام اور جاپان میں ایسے لوگ بھی کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں جنہوں نے کبھی چین کا سفر نہیں کیا۔

علاوہ ازیں تھائی لینڈ14، ہانگ کانگ8، امریکہ5، تائیوان5، آسٹریلیا5، میکاو5، جنوبی کوریا4، ملائیشیا4، سنگاپور4، جاپان7، فرانس4، کینیڈا3، ویتنام2، نیپال1، جرمنی1 اورکمبوڈیا میں بھی ایک شخص کوروناوائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں