کے پی کابینہ میں اختلافات، وزیراعلیٰ شکایت لے کر وزیراعظم کے پاس بنی گالہ پہنچ گئے


پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کرنے کے بعد وزیراعلیٰ محمود خان شکایت لے کر وزیراعظم عمران خان کے پاس بنی گالہ پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے درمیان ون آن ون ملاقات عمران خان کی ذاتی رہائشگاہ بنی گالہ شروع ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ صوبائی حکومت کے امور میں روڑے اٹکانے والے کابینہ وزراء اور اراکین اسمبلی کے خلاف شکایتی رپورٹ پیش کریں گے۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت میں اختلافات کے معاملہ کو حل کرنے کے لیے صوبائی اسپیکر مشتاق غنی نے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت میں بظاہر کوئی گروپ بندی نہیں ہے۔ ہم سب عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ چھوٹی موٹی باتیں اور اختلافات اچھنبے کی بات نہیں ہے۔

مشتاق غنی نے کہا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ محمود خان اور سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کے مابین اختلافات محسوس کیے تو دونوں کو بٹھاؤں گا۔ وزیر اعلیٰ اور سینئر وزیر کے مابین مصالحتی کردار ادا کروں گا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے امور میں روڑے اٹکانے والے کابینہ وزراء اور ارکان اسمبلی کیخلاف وزیراعلیٰ نے چارج شیٹ تیار کرلی ہے جو جلد وزیراعظم کو پیش کردی جائے گی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں اختلافات کے معاملے پر وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم عمران خان سے شکایت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں