جہانگیر ترین نے جی ڈی اے کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی

جہانگیر ترین

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے لیے قابل احترام ہیں اور سب کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز بھی جلد جاری کردیے جائیں گے۔

ایم کیو ایم کے بعد ق لیگ، حکومتی اتحاد میں ایک اور دراڑ

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم سیکریٹریٹ میں وہ حکومتی اتحادی گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

حکومت کی اتحادی جماعتوں کو منانے اور ان سے مذاکرات کرنے کے لیے پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین کی سربراہی میں قائم مذاکراتی کمیٹی وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور شہزاد ارباب پر مشتمل ہے۔

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار ذرائع نے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفد کو باضابطہ یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات و تحفظات دور کیے جائیں گے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو اپنے مطالبات، تحفظات اور خدشات سے آگاہ کیا۔

اس ضمن میں ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ جی ڈی اے کے وفد نے شکایت کی انہیں ترقیاتی فنڈز نہیں دیے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جی ڈی اے نے یہ بھی شکایت کی کہ صوبہ سندھ سے متعلق کیے جانے والے فیصلوں میں انہیں اعتماد میں نہیں لیا جاتا ہے۔

نیازی حکومت کے اتحادیوں میں دراڑیں پڑنے والی ہیں، عبدالغفور حیدری

جی ڈی اے کی ناراضگی کو دور کرنے کے لیے گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ان کی رہائش گاہ پہ ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق غالب امکان ہے کہ وزیراعظم کی بھی حروں کے روحانی پیشوا اور فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے بہت جلد ملاقات ہو جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں