اسلام آباد: حکومتی وفد نے مسلم لیگ ق کے تحفظات دور کرتے ہوئے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما جہانگیر خان ترین، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ارباب شہزاد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے وفد سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور اتحادی جماعت کے تحفظات پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حکومت کےاتحادی ہیں، ساتھ دیتے رہیں گے۔
اس موقع پر پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جسے دور کرنے بیٹھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔
دوسری جانب حکومتی وفد نے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد سے بھی ملاقات کی جس میں وزیر اعظم کی جانب سے عوامی فلاح کے تمام منصوبوں کے لیے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ملاقات میں آئندہ رابطے بحال رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
طارق بشیر چیمہ گزشتہ روز ہونے والی کابینہ میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے تاہم شرکت سے تاثر ملتا ہے کہ معاملے پر برف پگھلنے لگی ہے۔
گزشتہ روز طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے آج تک کسی بھی معاملے پر ان سے مشاورت نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تو وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی تھی کہ ہمیں کابینہ سے نکلنے دیں، کیونکہ لوگ اب ہم سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر گیا ہم نے کیا کارکردگی دکھائی ہے۔