مارگلہ کی پہاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی


اسلام آباد: وفاقی داروالحکومت کی مارگلہ کی پہاڑیوں میں بدھ کی شام اچانک آگ بھڑک اٹھی، اسلام آباد انتظامیہ بروقت اطلاع ملنے کے باوجود آگ پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔

اسلام آباد کی پہچان سمجھے جانے والے اس پہاڑی سلسلے میں آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہ آسکی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ محکمہ ماحولیات، وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) اور پولیس کو آگ لگنے کے حوالے سے بر وقت اطلاع دی گئی تھی، تاہم  آگ پر قابو نہ پایا جا سکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ کوہسار اور تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس آگ بجانے کے معاملے پر حدود و کے تنازعہ میں الجھ گئی ہے اور کسی بھی ایک تھانے کا عملہ جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی ڈی اے حکام نے بھی ابتدا میں آگ لگنے کے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

رابطہ کرنے پر سی ڈی اے حکام نے دعویٰ کیا کہ سی ڈی اے انوائرمنٹ ونگ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے، آگ پر جلد قابو پایا جائیگا۔


متعلقہ خبریں