اسلام آباد: پاکستان کے متعدد شہروں میں سورج گرہن شروع ہوچکا ہے جس کو”رنگ آف لائٹ”کا نام دیا گیا ہے۔
رنگ آف فائر کو سعودی عرب، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، عمان، بھارت، سری لنکا، سماٹرا، سنگاپور اور فلپائن میں بھی دیکھا جائے گا۔
پاکستان میں بیس سال بعد مکمل سورج گرہن دیکھا جارہا ہے۔ آخری بار ایسا 11 اگست 1999 کو ہوا تھا جب شام پانچ بج کر 26 منٹ پر کراچی اور ملحقہ علاقوں میں مکمل سورج گرہن ہوا تھا۔
آج سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح سات بج کر تیس منٹ پر شروع ہوا جو دوپہر ایک بج کر چھ منٹ تک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے براہ راست سورج کو دیکھنے سے منع کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہا ہے۔ مخصوص چشمے کے استعمال سے سورج گرہن کو دیکھا جا سکتا ہے۔
کراچی میں سورج گرہن کا آغاز سات بج کر پینتیس منٹ پر ہوا اور مکمل گرہن آٹھ بجکر سینتیس منٹ پر دیکھا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور اور دیگر حصوں میں بھی سورج گرہن شروع ہوچکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 10 بج کر 15 منٹ تک سورج گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا۔ کراچی میں 10 بج کر 10 منٹ تک اور لاہور میں 10 بج کر 19 منٹ تک سورج گرہن رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ میں سورج گرہن کا عمل جاری ہے جس سے روشنی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ سورج گرہن کے باعث چند شہروں میں جزوی اندھیرا چھا گیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سورج گرہن کو براہ راست دیکھنے سے بینائی پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔ سورج گرہن دیکھنے کیلئےمخصوص چشمے کا استعمال کریں۔
کراچی کی مساجد میں نماز کسوف کا اہتمام کیا گیا۔ گلشن اقبال بلاک 13 کی مسجد بیت الاسلام میں بھی نماز کسوف ادا کی گئی۔ نماز کے بعد شہریوں نے استغفارکیا اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سورج گرہن کے موقع پرکوئٹہ میں مساجد اور گھروں میں خصوصی نوافل ادا کرنے کا بھی خصوصی انتظامات کیے گئے۔