عمران خان اصل میں احتساب خان ہے، شیخ رشید



راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا نام احتساب خان ہے کیوں کہ وہ لوٹے ہوئے پیسے واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے لیکن میرا اختلاف ہے کہ دنیا کے کسی ملک میں لاش کو لٹکایا نہیں جاتا۔ سنگین غداری کیس میں عدالت نے جو بھی فیصلہ دے لیکن ایسے جملے قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہا پیپلزپارٹی حرام کے پیسوں سے جلسہ کرنے جا رہی ہے، بے نظیر کی برسی پر آنے والے کم سے کم 10 دن کے پیسے لے کر آئیں کیوں واپسی پر ادائیگی نہیں ہوگی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ لاڑکانہ میں جلسہ کریں گے، ہم شرافت کی سیاست کرتے ہیں، جو چاہے ہمارے شہر میں جلسہ کرے لیکن میں جوابی جلسہ بھی کروں گا۔

وزیر ریلوے نے کہا عمران خان کی بجائے اپوزیشن کی سیاست گھر جا رہی ہے، حکومت کے مسائل حزب اختلاف کی وجہ سے ہیں۔ کابینہ میں کوئی بھی مریم نواز کو اجازت دینے کے حق میں نہیں تھا اب جو فیصلہ عدالت کرے گی وہ حکومت کو قبول ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 45 دن ملک کی سیاست میں اہم ہیں جس کے بعد پاکستان عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔

 

 


متعلقہ خبریں