لیگی ترجمانوں کی جانب سے کرپشن کا ڈھٹائی کے ساتھ دفاع کرنا باعث شرم ہے، فردوس عاشق اعوان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگی ترجمانوں کی جانب سے کرپشن کا جھوٹ اور ڈھٹائی کے ساتھ دفاع کرنا باعث شرم ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ لیگی قیادت کے اعمال ان کے سامنے آ رہے ہیں، قوم کے معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اداروں کو طاقتوروں کے چنگل سے آزاد کر کے با اختیار بنایا ہے۔ ان کو تکلیف یہ ہے کہ قانون ان سے بالا تر کیسے ہو گیا؟

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کا واویلا وہ مچا رہے ہیں جو آل اولاد اور فارن اکاؤنٹس سمیت بیرون ممالک میں مقیم ہیں اور خود الیکشن کمیشن میں تاریخیں لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کی گرفتاری حکومت پر تنقید کے سبب ہوئی، مریم اورنگزیب

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احسن اقبال ابھی تک مراد سعید کے پانچ سوالوں کا جواب دینے سے قاصر ہیں،نیب کو کیا جواب دیں گے؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خلاف جہاد کا علم پوری قوت سے بلند رکھے ہوئے ہیں۔ قومی خزانے کو بے رحمی سے لوٹنے والوں کو قوم خوب جانتی ہے،کوئی جھوٹا پروپیگنڈا انہیں اب گمراہ نہیں کرسکتا۔


متعلقہ خبریں