ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 2021 سے تمام کاروں میں خودکار حادثے کا انتباہی نظام نصب ہوگا، جس کا مقصد روڈ حادثات کے بارے میں پولیس اور ایمرجنسی سنٹرز کو بروقت الرٹ کرنا ہے۔
ابو ظہبی حکام کے مطابق کاروں میں نصب ای کال سسٹم قریبی پولیس اور ایمرجنسی سنٹرز کو روڈ حادثے کے بارے میں فوری الرٹ کرنے میں معاون ثابت گا۔
وائرلیس نیٹ ورک انجینئر عبداللہ سلمان کا کہنا ہے کہ نیا نظام متعارف کرانے کا مقصد کم سے کم وقت میں جائے حادثہ پر پہنچنا اور حادثے کا شکار افراد کو فوری طور پر ایمرجنسی سروس فراہم کرنا اور اسپتال پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فوری رسپانس سسٹم ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں پر قابو پانے اور شدید زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ سسٹم کچھ مخصوص پیرامیٹرز کے ساتھ تشکیل دیا جائے گا اور کاروں کی مختلف خصوصیات جن میں ائیر بیگ اور سنسر وغیرہ شامل ہیں کے مطابق تیار کیا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: مشہور کمپنی نے سب سے چھوٹی الیکٹرک کار پر کام شروع کردیا
اس نظام کے تحت قریبی پولیس سنٹر کو فوری طور پر حادثہ اور جائے حادثے کے بارے میں الرٹ کرے گا۔
حکام کے مطابق نیا نظام پرانی اور موجودہ کاروں پر بھی نصب کیا جائیگا۔ عبدواللہ سلمان کا کہنا ہے کہ کاریں بنانے والی کمپنیاں بھی نئی گاڑیوں کو نئے خودکار انتباہی نظام کے مطابق ڈھالنے پر کام کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہیں۔
