’عمران خان نے جو کہا کر کے دکھایا ‘

"نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ تمام اراکین کی رضامندی سے کیا گیا تھا"

  • نواز شریف واپس نہیں آتے تو شہباز شریف بھی نااہل ہو جائیں گے، رہنما تحریک انصاف

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جو کہا کر کے دکھایا ہے لہٰذا وہ پاکستان کو بھی ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں میزبان شفاء یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کے لیے ایک قانون ہونا چاہیئے، اس حوالے سے حکومت وقت بہت کام کر رہی ہے، یہی ہماری منزل ہے۔ وزیراعظم عمران خان 30 کا ملبہ صاف کر رہے ہیں، اس میں تھوڑا وقت تو لگتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ساتھ بانڈ جمع کرانے کی شرط بھی رکھی گئی کیونکہ شریف خاندان کے کچھ لوگ پہلے ہی مفرور ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ تمام اراکین کی رضامندی سے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پرکیا گیا تھا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف اور شہباز شریف سے بیان حلفی لے لیا، نواز شریف واپس نہیں آتے تو شہباز شریف بھی نااہل ہو جائیں گے۔

نواز شریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت کیوں دی گئی؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی مجرم کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی لیکن نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر بیرون ملک جانے دیا گیا۔ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے عام آدمی کے لیے بھی یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 65 سال کی عمر سے اوپر کے قیدی بیماری کی صورت میں جیل سے باہر جا کرعلاج کرا سکتے ہیں۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ اگر نواز شریف چار ہفتوں کے بعد وطن واپس نہیں آتے تو پھر انہیں حکومت کی جانب سے واپس لایا جائے گا۔

وزیراعظم کا بلاول بھٹو پرطنز

وزیراعظم کے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پر کیے جانے والے طنز کے حوالے سے فیصل جاوید نے کہا کہ اب ہمیں ’بادشاہ سلامت‘ والے طور طریقے ختم کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے بلاول بھٹو کے حوالے سے بات ازراہ مذاق کی تھی، اسے اتنی سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیئے۔

حکومت اور اتحادیوں میں بڑھتے اختلافات

اتحادی جماعتوں کے اختلافات کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اتحادی جماعتیں اپنے تحفظات کا اظہار کرتی ہیں لیکن ان کے مسائل کو سن کرحل کر دیا جاتا ہے، ان کو حکومت سے کوئی بڑے اختلافات نہیں ہیں، یہ سب افواہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں