پلان بی کا پانچواں روز، متعدد شاہراہوں پر دھرنے جاری


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کا پانچواں روز جاری ہے جس کے تحت ملک کے اکثر شہروں میں پارٹی کارکنوں نے شاہراہیں بند کرکے دھرنا دے رکھا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں جے یو آئی نے انڈس ہائی وے پر پانچویں روز بھی دھرنا دے رکھا ہے۔

دھرنے کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی اور بڑی تعداد میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تاہم شرکاء کی جانب سے ایمبولینس اور چھوٹی گاڑیوں کو راستہ دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح بنوں میں انڈس ہائی وے شاہراہ پر جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کا پڑاؤ جاری ہے۔ بنوں کے متعدد اضلاع کو آپس میں ملانے والی انڈس ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔

جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے نوشہرہ  جی ٹی روڈ کو حکیم آباد کے مقام پر بند کر دیا جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا  ہے۔

لاہور کی صورت حال

لاہور میں بھی شاہدرہ امامیہ کالونی پھاٹک کے مقام پر جے یو آئی ف کا دھرنا جاری ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔

ادھر پلان بی کو روکنے کے لیے پولیس نے جے یو آئی ف کے مدرسوں کی مانیٹرنگ شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سنیئر رہنما منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا پلان بی حکومت کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو گا۔

کراچی کی صورتحال

کراچی میں حب ریور روڈ بند ہونے سے ہیوی ٹریفک کی روانی معطل ہے۔

جے یو آئی کے کارکن چھوٹے چھوٹے قافلوں کی شکل میں حب ریور روڈ تک پہنچے۔ دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ قائدین کے احکامات کے مطابق دھرنا جاری رہے گا۔

پانچ روز سے جاری دھرنے کے باعث صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک سندھ اور بلوچستان کے درمیان ہیوی ٹریفک معطل ہے۔

پولیس نے ٹریفک کو حب ٹول پلازہ کے قریب روک رکھا ہے۔ پولیس اور رینجرز بھی دھرنے کے اطراف میں  تعینات ہے۔


متعلقہ خبریں