پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند

دُھند کا راج، آلودہ ترین شہروں میں پشاور کا پہلا، اسلام آباد کا چھٹا نمبر

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جب کہ شمالی علاقوں میں سرد رہے گا تاہم بالائی سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو زیادہ سے زیادہ 21 تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کے روز صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم بعض میدانی علاقوں میں دھند پڑ سکتی ہے۔

صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ کراچی میں سوموار کے روز مطلع جزوی ابر آلود جبکہ موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 16 ڈگریی سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

سوموار کے روز صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں جزوی ابرآلود اور سرد رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے اضلاع میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش گلگت بلتستان کے علاقے بونجی میں 06 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی اور سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت03- رہا۔


متعلقہ خبریں