دفاعی چیمپئن کا گلیڈی ایٹرز کو 158 رنز کا ہدف


دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا ہے۔

میچ کے آغاز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اننگ کا آغاز کرنے پشاور زلمی کی ٹیم میدان میں آئی تو مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے محمد حفیظ اور کامران اکمل بطور اوپنر میدان میں آئے۔

اننگ کے آغاز میں کامران اکمل کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔ انہیں محمد نواز نے پویلین کی راہ دکھائی۔

ڈیوائن اسمتھ  میدان میں آئے تو محمد حفیظ کے ساتھ مل کے دوسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز بنائے۔

ڈیوائن اسمتھ نصف سنچری سے ایک قدم کے فاصلے پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 49 رنز بنائے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے۔ حفیظ نے ٹیم کا مجموعی اسکور 89 تک پہنچا کر بین لافلین کی گیند پر شین واٹسن کو کیچ دیا اور پویلین لوٹ گئے۔

نائب کپتان دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی جانب سے خوش دل چار اور لیام ڈاؤسن دو رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

کپتان ڈیرن سیمی نے 36اور رکی ویسلز نے 31رنز کی اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے شین واٹسن دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔


متعلقہ خبریں