اسلام آباد ائیر پورٹ واقع: وزیراعظم کا متعدد اعلیٰ افسران کو معطل کرنے کا حکم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر چند روز قبل مسافروں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار  واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایئر پورٹ کے متعدد اعلیٰ افسران کو معطل کر کے ان کے خلاف انضباتی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم نے مسافروں سے اہانت آمیز رویہ اختیار  کرنے والے اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم نے واقع کو پیشہ وارانہ انداز سے نمٹنے میں ناکامی پراسٹیشن منیجر پی آئی اے اسلام آباد پرویز نصیر اور ان کی پوری ٹیم کو معطل کرنے اور ان کے خلاف انضباطی کاروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ائیرپورٹ منیجر طاہر سکندر، ڈیوٹی ٹرمینل منیجر ظہور اورملک اکرم کو بھی فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

واقعے کی عبوری رپورٹ موصول ہونے  کے بعد وزیراعظم نے کابینہ ڈویژن کو متعلقہ افسران کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کر دی۔

چند روز قبل ریاض پشاور فلائٹ کے مسافروں اور اے ایس ایف اہلکاروں کے درمیان اسلام آباد ائیر پورٹ پر ناخوشگوار واقع پیش آیا تھا۔ اے ایس ایف اہلکار  نے مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کے اہانت آمیز رویہ اختیار کیا تھا۔

وزیراعظم نے برگیڈئیر عرفان ظفر کی سربراہی میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا۔

انکوائری بورڈ پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت واقعے میں ملوث اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرے گا۔ بورڈ آف انکوائری دس دنوں میں کاروائی مکمل کرے گا۔

ذرائع کے مطابق  سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور اے ایس ایف کو فوری طور پر وزیرِ اعظم کے حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں