جے یو آئی (ف) کی ڈنڈا بردار فورس کے مقابلے میں ’انصاف ٹائیگر فورس‘ تشکیل

۔—فائل فوٹو۔


لکی مروت: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق نائب ضلع ناظم عرب خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ڈنڈا بردار فورس کے مقابلے میں انصاف ٹائیگر فورس تشکیل دے دی۔

پریس کانفرنس کے دوران عرب خان نے بتایا کہ مخصوص شرٹس اور مخصوص ڈنڈوں سے لیس فورس پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی حفاظت کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ فورس پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی اور لکی مروت کی حدود میں جمیعت علماء اسلام کے انصار السلام فورس کے شر سے عوام کو محفوظ رکھنے کے فرائض سرانجام دے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق فورس لکی مروت میں آزادی مارچ میں شامل شرپسند عناصر کا قلع قمع بھی کرے گی اور رہنماؤں کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیارہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی صرف آغاز ہے، ایک دو دنوں میں ہزاروں رضاکار تیار ہو جائیں گے۔

عرب خان نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ نے جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دے دی تھی جبکہ صوبائی سطح پر انصار الاسلام کو صوبوں کی مشاورت سے کالعدم قرار دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وزراء کو وزارت داخلہ کی سمری سرکولیشن کے ذریعے ارسال کی تھی۔ وفاقی کابینہ نے فیصلے سے وزرات داخلہ کو آگاہ کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں