لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ سرفراز کی موجودہ فارم اور اعتماد سب کے سامنے تھا، اس لئے ٹیم کے وسیع تر مفاد کو دیکھتے ہوئے انہیں کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کریں اور دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی فارم دکھا سکیں۔
واضح رہے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل سرفراز احمد سے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی واپس لئے لی گئی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اظہرعلی کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے، وہ آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
جبکہ بابراعظم کو قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا، وہ آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق سرفرازاحمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے