شارجہ: پاکستان سپر لیگ تھری کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
کوئٹہ کی جانب سے دیا گیا 103 رنز کا ہدف سلطانز نے 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
ملتان کی جانب سے اوپنر بلے باز کمار سنگا کارا51 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔
سنگا کارا کا ساتھ دینے والے صہیب مقصود نے چھکا مار کر ٹیم کو چوتھی فتح دلائی۔
میچ کے آغاز میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
گلیڈی یٹرز کی جانب سے عمر امین اور شین واٹسن میدان میں آئے تو پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بنائے۔
پہلی وکٹ عمر امین کی گری۔ اوپنر بلے باز 8رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
پہلے کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد گلیڈی ایٹر بلے باز میدان میں آتے اور جاتے دکھائی دیے۔
سلطانز بالرز کے سامنے صرف کپتان سرفراز احمد مزاحمت کر سکے۔ سرفراز بھی 30 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان کوئٹہ کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔
شین واٹسن 19 اور محمود اللہ 15 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر کراس کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور سہیل تنویر نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
عمران طاہر نے اپنے تیسرے اوور کی تین گیندوں پر تین گلیڈی ایٹرز کا شکار کیا۔