سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے گھانا کے ایک ٹیچر کو ہیرو بنا دیا


گھانا: مغربی افریقہ کے ایک شہر میں وسائل کی کمی کے باعث اسکولوں میں ٹیچرز کو کافی مشکلات کا سامنا تھا۔ ایسے ہی کسی اسکول میں ایک ٹیچر نے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا مضمون پڑھانے کا بیڑہ اٹھایا۔

آوراہ کاوادو ہوتش نے ٹیکنالوجی جیسا جدید مضمون بہترین انداز میں سیکھانے کے لئے ایک انوکھا طریقہ تلاش کیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی کہانی لکھ ڈالی۔

https://www.facebook.com/hottish.owura/posts/1948212815208114

پانچ فروری کو آوراہ کاوادو نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ گھانا کے اسکول میں بلیک بورڈ پر آئی سی ٹی پڑھانا بہت مضحکہ خیز ہے۔ لیکن چونکہ مجھے اپنے طلباء سے پیار ہے اس لئے میں ان کو سکھانے کے لئے کچھ بھی کروں گا۔

آوراہ کاوادو کی پوسٹ کچھ عرصے میں ٹوئیٹر پر پہنچ گئی۔ ٹوئیٹر پر ایک ٹیک اینٹرپینیور(ٹیکنالوجی کا کاروبار کرنے والے) ربیکا اینون چونگ نے ٹیچر کو اپنا ہیرو قرار دیا۔

ربیکا اینون چونگ  نے ٹوئیٹر صارفین سے اس ٹیچر کو ڈھونڈنے میں مدد بھی مانگی جس میں وہ کامیاب ہوئیں۔ جس کے بعد انہوں نے مائیکروسافٹ سے گھانا کے ٹیچر کی مدد کرنے کی درخواست کر ڈالی۔

ربیکا نے دنیا کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی مائیکروسافٹ کے افریقا میں قائم آفس سے ٹیچر کو مناسب وسائل فراہم کرنے کی درخواست کی۔

گھانا کے ٹیچر کی قسمت اس وقت بدلی جب مائیکروسافٹ افریقا نے ربیکا  اینون چونگ کی درخواست قبول کر لی۔

مائیکروسافٹ افریقہ کا جوابی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ تعلیم میں ڈیجیٹل تبدیلی لانا ہی ہمارا مشن ہے۔ کمپنی جلد ہی آوراہ کاوادو کو مائیکروسافٹ پروگرام اور مفت وسائل فراہم کردے گی۔

ربیکا اینون چونگ نے مائیکروسافٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آوراہ کاوادو اس کامیابی کا مستحق ہے۔

ایک جانب آوراہ کاوادو کی بے لوث خدمات کا صلہ انہیں سوشل میڈیا کے زریعے حاصل ہونے والی کامیابی سے ملا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا کی اس انوکھی کہانی کے ہیرو کو بین الاقوامی میڈیا میں بھی بھر پور پزیرائی ملی۔


متعلقہ خبریں