اسلام آباد: عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق 2020 میں پاکستان کا شمار کاروبار میں ترقی کرنے والے 20 بہترین ممالک کی فہرست میں کیا گیا ہے۔
پاکستان نے کاروبار کے لیے موافق چھ شعبہ جات پر کام کرنے کی وجہ سے یہ جگہ بنائی ہے، ان میں کاروبار کا آغاز، تعمیرات کے لیے اجازت نامہ جاری کرنے کا طریقہ کار، بجلی کی فراہمی، جائیداد کی رجسٹریشن، ٹیکس کی ادائیگی اور سرحد پار تجارت شامل ہیں۔
عالمی بینک کا ’کاروبار کرنے‘ کا پراجیکٹ 190 ممالک اور خطے کی سطح پر منتخب شہروں میں کاروباری قواعد و ضوابط اور ان پر عمل درآمد کو معروضی پیمانوں پر ناپتا ہے۔
2020 کے لیے مرتب کی گئی فہرست کے مطابق ان چھ شعبوں میں پاکستان کا آگے بڑھنا اس امر کا ثبوت ہے کہ ملک میں ترقی کے لیے راہ ہموار کی گئی ہے اور حقیقی معنوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔
اس ضمن میں اصلاحات کے لیے قومی سیکریٹریٹ اور وزیراعظم کی قومی اصلاحات کمیٹی کا قیام قابل ذکر اقدامات ہیں۔