دبئی کے اسپتال میں میرا کی کامیاب سرجری

دبئی کے اسپتال میں میرا کی کامیاب سرجری

دبئی : معروف اداکارہ میرا کی دبئی کے اسپتال میں کامیاب سرجری کی گئی ہے۔

میرا کے خاوند کیپٹن نوید نے نجی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’ میرا کی بدھ کے روز خوش قسمتی سے کامیاب سرجری کی گئی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ میرا کو ریکوری روم میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی صحت قدرے بہتر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مزید دو دن تک اسپتال میں رہیں گی۔

میرا کے خاوند نے ان کے آپریشن کی نوعیت اور بیماری بتانے سے گریز کیا۔

یاد رہے کچھ روز قبل  فلم اسٹار میرا کو دبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں آپریشن کا مشورہ دیا تھا۔

ڈاکٹروں نے مکمل طبی معائنے کے بعد انہیں آپریشن کا مشورہ دیا تھا  تاہم یہ واضح نہیں کہ انہوں اس حوالے سے کیا فیصلہ کیا تھا ۔

دوسری جانب اداکارہ نے اپنے مداحوں سے ان کی طبیعت کے حوالے سے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔

گزشتہ روز اداکارہ وینا ملک نے چھاتی کی کامیاب سرجری کے بعد خواتین کو اپنا خیال رکھنے کی تاکید کر دی۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وینا ملک نے کامیاب سرجری کے بعد اسپتال کے بستر سے اپنی تصویر لگاتے ہوئے بتایا کہ ان کی سرجری کامیاب ہو گئی ہے جس پر وہ  نہ صرف اپنے رب کی شکر گزار ہیں بلکہ ڈاکٹروں کی بھی بے حد مشکور ہیں۔

وینا ملک نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کراچی کے نجی اسپتال میں بریسٹ ٹیومر کو ختم کرنے کی میری کامیاب سرجری ہو چکی ہے اور میں اپنے تمام چاہنے والوں کی انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنی دُعاؤں میں یاد رکھا۔

وینا ملک نے مزید کہا کہ میری کامیاب سرجری ڈاکٹر کوثر کی زیر نگرانی ہوئی، میں آپریشن کے ہر لمحے پر رہنمائی کے لیے ان کی مشکور ہوں۔


متعلقہ خبریں