لاہور: حکومت پنجاب آزاد کشمیر کے زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے متحرک ہوگئی۔ صوبائی حکومت نے امدادی سامان سے لدے ٹرک آزاد کشمیر روانگی کے لئے تیار کر لیے ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارہ (پی ڈی ای اے) کے ڈائریکٹر راجہ خرم کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے نو ٹرک آزاد کشمیر روانہ کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین زلزلہ کے لئے ایک ہزار ٹینٹ اور 3,500 فوڈ پیکس بھجوا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا وفد آزاد کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے واپس پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف زلزلہ متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے
صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی میاں خالد محمود نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے پر پنجاب حکومت امدادی ٹرک روانہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے زلزلہ زدگان کی بھرپور امداد کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب متاثرین زلزلہ کے لئے ہر طرح کی امداد فراہم کرے گی۔