پی ایس ایل تھری افتتاحی تقریب – لائیو اپ ڈیٹس


دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری ہے۔

ہم نیوز پی ایس ایل تھری کی افتتاحی تقریب کی لمحہ بہ لمحہ تفصیل یہاں اپ ڈیٹ کرے گا۔ 

ایونٹ میں حصہ لینےوالی تمام ٹیمیں اسٹیڈیم میں پہنچ چکی ہیں۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ جس کے بعد موسیقی کے تڑکے کے ساتھ گلوکار علی ظفر کی دبنگ انٹری نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

 

پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈز کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل تھری کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا سارا فوکس پی ایس ایل پر ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نئی ہے۔ تجربہ کار کھلاڑی منتخب کیے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان  سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم کمبینیشن اچھا ہے۔

لاہور قلندرز کے کتان برینڈن میکل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پہلے دو سیزن اچھے نہیں گئے۔

کراچی کنگز کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ویسٹ انڈین کھلاڑی کا کہنا تھا کہ جو ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے فیلڈنگ کرے گی۔

تقریب کی میزبانی کے لیے اداکارہ حریم فاروق اور اداکار بلال اشرف اسٹیج پر موجود ہیں۔ جب کہ کرکٹ لیجنڈ رمیز راجہ بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل ساری قوم کا اثاثہ ہے۔  اس کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل تھری کے انقعاد پر خوشی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں ہو رہا ہے۔

چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا  کہ میدان سے باہر 10 ہزار تماشائی داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں، تمام ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں اور جب میچ شروع ہوگا تہ اسٹیڈیم مکمل طور پر بھرا ہوا نظر آئے گا۔ ملتان سلطانز کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ایونٹ میں چھٹی ٹیم بھی شامل ہے۔

تقریب کے دوران علی ظفر، عابدہ پروین اور شہزاد رائے نے اپنے سروں کا جادو جگایا۔

معروف امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

 


متعلقہ خبریں