اسلام آباد: پاکستان میں غیرت کے نام پر ایک ہی دن میں چھ افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔
قتل کے واقعات سندھ کے دو شہروں ٹھٹھہ، سیہون اور خیبرپختونخوا کے شہر نوشہرہ میں پیش آئے۔
اطلاعات کے مطابق ٹھٹھہ کے گاؤں شیر محمد چانڈیو میں بھتیجے نے چاچا اور چچی کو کارو کاری الزام میں قتل کردیا۔
مقتولین کی شناخت 31سالہ امینہ اور 35سالہ محمد عیسی چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی ایس ایچ او کے مطابق ملزم عبدالکریم چانڈیو نے واردات کے بعد پولیس کو گرفتاری دے دی ہے اور اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نعشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
سیہون کے نواحی گاﺅں رادہن میں پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا جہاں کاروکاری کے الزام میں نوجوان لڑکا اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے نوجوان لڑکے اور لڑکی کو گولیاں مار کر قتل کیا جس کا نوٹس ایس ایس پی جامشورو توقیر محمد نعیم نے لے لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ بھان سعیدآباد پولیس اسٹیشن میں سرکار کی مدعیت میں پانچ افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق قتل کیس کے مرکزی ملزم راجا راہپوٹو کو گرفتار کرلیا ہے اور دیگر چار کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے شہرہ نوشہرہ کے علاقے سپین کانے میں بھی غیرت کے نام پر دو افراد قتل کیا گیا۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق خاوند نے بیوی سمیت اختر نامی شخص کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق خاتون اور اختر نامی شخص کے آپس میں ناجائز تعلقات تھے اور قتل کا مقدمہ ملزم رشید کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔