حکومت پاکستان شہریوں کو لوٹنے میں مصروف، اسد عمر

حکومت پاکستان شہریوں کو لوٹنے میں مصروف، اسد عمر | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان انتہائی بے رحمی سے اپنے شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں عوام کو مہنگا ترین تیل بیچنے والوں کی فہرست میں حکومت پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف رہنما نے عوام کو مہنگا تیل بیچنے پر وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیزل پر ٹیکس کی مد میں اکتالیس روپے فی لیٹر بٹور رہی ہے۔ جب کہ پٹرول پر تقریباً چونتیس روپے فی لیٹر وصول کئے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا براہ راست اثر عام آدمی کی معیشت پر پڑتا ہے، حکومت مہنگائی کی صورت میں اپنی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنے پر مجبور کرتی ہے۔

تحریک انصاف رہنما نے مطالبہ کیا کہ باالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے غریب عوام کا معاشی استحصال فوری بند کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ناقابل جواز ٹیکس واپس لیکر ایندھن سستا کیا جائے۔

ملکی آمدن بڑھانے کے متبادل کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی آمدن میں اضافے کیلئے ٹیکسوں کے فرسودہ نظام میں بہتری لائے۔


متعلقہ خبریں