لاھور: آج دنیا بھر میں معدومی کا شکار پینگولین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ لاہورچڑیا گھر میں پینگولین کے ساتویں عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس خالد ایازخان نے کہا کہ دنیا بھر میں پینگولین کی نسل معدوم ہورہی ہے۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات پاکستان میں اس سلسلے میں ہرممکن اقدامات کررہا ہے۔
خالد ایاز خان نے کہا کہ پینگولین کی نسل معدومی کی بڑی وجہ اس کا غیر قانوںی شکار کیا جانا ہے۔ شکارمیں ملوث افراد کے خلاف چالان کیے جارہے ہیں۔ جانورکے بچاؤکیلئے اسے عالمی وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تھرڈ شیڈول میں رکھاگیا ہے۔
پینگولین پاکستان کے پوٹھوہارریجن اور گوجرانوالہ میں پائے جاتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر برس جانوروں اور پرندوں کی معدوم ہوتی نسلوں کا دن منانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ دن منانے کا بنیادی مقصد لوگوں میں جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کا شعور پیدا کرنا ہے۔
خالد ایاز خان نے کہا کہ لوگوں کو محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے ساتھ پینگولین کے تحفظ میں تعاون کرنا چاہیں۔ اس عمل میں علاقے کے عوام کی شرکت کے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں۔
پینگولین کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرجنگلی حیات محمد نعیم بھٹی، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹرجنگلی حیات وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود اور محکمہ کے دیگرافسران کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔