گلگت: گلگت سے چالیس کلومیٹر دور جگلوٹ میں جبہ کے مقام پر ساتھی خاتون کو بچاتے ہوئے پانچ خواتین دریائے سندھ کے گہرے پانیوں میں ڈوب گئیں۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈوبنے والی دو خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ تین کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کے سہ پہر جبہ کے مقام پر خواتین دریائے سندھ میں کپڑے دھونے گئیں اس دوران ایک خاتون کا پاؤں پھسل گیا اور وہ دریا میں ڈوب گئی۔
ذرائع کے مطابق ساتھی خواتین نے ڈوبنے والی خاتون کو بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگادی اور تیز موجوں کی نذر ہو گئیں. پولیس ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دو خواتین کی لاشیں دریا سے نکال لیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈوبنے والی دیگر تین خواتین کی تلاش جاری ہے۔ گلگت سے ریسکیو ٹیمیں ،انتظامیہ اور پولیس کے اعلی حکام جائے حادثہ کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔
دریائے سندھ میں ڈوبنے والی خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جاں بحق اور ڈوبنے والی خواتین میں ماں، بیٹی، دو بہوئیں اور ایک بھتیجی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیرہ غازی خان :دریائے سندھ کے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی
گلگت بلتستان:ششپر کے بعد بگروٹ گلیشئیر بھی سرکنا شروع