عمران خان دعا کریں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آ جائے، بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان پی پی پی کی حکومت آنے کی دعا کریں کیونکہ وہ ان سے انتقام نہیں لے گی۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ یا مولانا فضل الرحمان کی حکومت آ گئی  تو پھر توبہ توبہ توبہ۔۔۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ جیل میں آصف زرداری سے ملاقات کے لیے گئے تو انہوں نے اے سی بند کیا ہوا تھا، وہ ایک بہادر سیاست دان ہیں، جمہورت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری احتجاجاً ریمانڈ لے رہے ہیں، تحریک انصاف میں نہ ہی سیاست کرنے کی اہلیت ہے اور نہ ہی حکومت کرنے کی، حکومت کی ناکامی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج بھی پاکستان میں سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات بنائے جاتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم نے جنرل ضیاء اور جنرل پرویز مشرف کی آمریتوں کا مقابلہ کیا ہے، پورے ملک کے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  عدالتوں میں آنا ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں، ہم ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں، پورا ملک اس سلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتا۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کسی بھی سیاسی مخالف کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں،بلاول


متعلقہ خبریں