بدن بولی کے یہ 7 انداز آپ کو پرکشش بنا سکتے ہیں

بدن بولی کے یہ 7 انداز آپ کو پرکشش بنا سکتے ہیں

انسانی بدن کی زبان بھی اس کی شخصیت کی عکاسی کرتی ہے۔ اسے بدن بولی بھی کہتے ہیں، اسے لوگ آپ سے تعلقات استوار کرنے کا سگنل سمجھتے ہیں اور اسی کو ہی مدنظر رکھتے ہوئے آپ سے گفتگو کرتے ہیں۔

آنکھوں اور ہاتھوں کی حرکات و سکنات وہ عوامل ہیں جو آپ کی شخصیت پر اثرانداز ہو کر آپ کو سماجی حلقے میں پسندیدہ یا ناپسندیدہ شخصیت قرار دلاتے ہیں۔

آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ کون سی بدنی زبان اپنا کر آپ دوسروں کی نظروں میں پسندیدہ بن سکتے ہیں۔

ہتھیلیاں فاصلے پہ رکھ کر انگلیاں جوڑنا

ہتھیلیاں فاصلے پہ رکھ کر انگلیاں جوڑنا ذہانت اور اعتماد کو مظہر ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس انداز سے آپ زیادہ دلچسپ اور قابل بھروسہ بھی دکھتے ہیں۔

ضروری امور پر گفتگو کرتے ہوئے اور رسمی ماحول میں یہ انداز اپنانا آپ کی شخصیت کو پراثر بنا دیتا ہے۔

بیٹھنے کا انداز

آپ کے بیٹھنے کا انداز آپ کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر آپ کھڑے ہوں تو بالکل سیدھے کھڑے ہوں اور اگر بیٹھنا مقصود ہے تو کمر بالکل سیدھی کر کے بیٹھیں۔ جھک کر بیٹھنے سے انسان سست نظر آتا ہے۔

گرم جوشی سے مصافحہ کرنا

گرم جوش مگر شائستگی سے کیا گیا مصافحہ بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ ہاتھ گرم جوشی سے ملائیں مگر دوسرے بندے کا ہاتھ زور سے مت دبائیں۔ ہاتھ ملاتے ہوئے نظریں بھی ملائیں، مصافحہ کرتے ہوئے نظریں چرانا یا اِدھر اُدھر دیکھنا ناشائستہ رویہ تصور کیا جاتا ہے۔

دوسروں کا انداز اپنانا

غیر محسوس طریقے سے دوسروں کا انداز اپنائیں۔ بدنی زبان کا یہ اظہار نفسیاتی سطح پر بہت پراثر ہوتا ہے۔ یہ انداز آپ کے بارے میں دوسروں کی رائے پر اثر کرتا ے۔

اضطرابی رویے کے اظہار سے اجتناب

اضطرابی رویے کا اظہار بچگانہ لگتا ہے۔ سنجیدہ موضوع پر گفتگو کے دوران ادھر ادھر گھومنے سے بھی اجتناب کریں۔  مسلسل حرکت میں رہنا انسان کو فکرمند اور بے چین ظاہر کرتا ہے اس لیے جہاں تک ممکن ہو اضطرابی برتاؤ سے اجتناب برتیں۔

گرم جوشی سے خوش آمدید کرنا

کسی سے تعلقات بناتے ہوئے لوگ یہ بات ملحوظ خاطر رکھتے ہیں کہ انہیں کیسے خوش آمدید کیا گیا تھا۔ پہلی بار کسی سے ملتے ہوئے خود کو پوری طرح سے ان کی طرف متوجہ کریں۔ ایسا رویہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کی موجودگی آپ کے لیے خوش آئند ہے۔

دوستانہ رویہ

اگر آپ پہلی بار بھی کسی سے مل رہے ہوں تو یہ انہیں یہ تاثر دیں کہ آپ کے ان سے دیرینہ مراسم ہیں۔ اس سے آپ کے لاشعور پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور آپ کی بدنی زبان ان کی طرف خود بخود دوستانہ ہو جائے گی۔


متعلقہ خبریں