نواز شریف کو کچھ ہوا تو اسکا ذمے دار فاشسٹ نیازی ہوگا، شہباز شریف

اگرنوازشریف سے محبت کرنا دہشت گردی ہے تو ہم سو بار کریں گے، شہباز شریف | urduhumnews.wpengine.com

‎پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی  شہباز شریف نے کہاہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو اسکا ذمے دار فاشسٹ نیازی ہوگا۔

سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے  سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں پرہیزی کھانا فراہم نہ کرنے پر سخت احتجاج کیاہے۔

شہباز شریف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ‎ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق نواز شریف کو پرہیزی کھانا فوراً فراہم کیا جائے، ورنہ نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔

سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ‎ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق نواز شریف کو جیل میں پرہیزی کھانا نہ فراہم کرنا عمران نیازی کی قاتل ذہنیت کا بین ثبوت ہے۔ ‎مریض کا پرہیزی کھانا روک کر وہ سیاسی انتقام کے بدترین درجے پر فائز ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‎وقت نے ثابت کیا کہ عمران نیازی میں نہ تو قوم کی خدمت کی صلاحیت ہے اور نہ ہی سیاسی مخالفت کا ظرف  ہے۔‎عمران نیازی کی نالائقی پر تو شک نہیں لیکن فسطائی ذہنیت میں بھی ثانی نہیں رکھتے۔ ‎فسطائیت کی کالی رات ختم ہونے کو ہے، پھر ان تمام مظالم کا حساب ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے بھی  سابق وزیراعظم نواز شریف پر گھر کے کھانے کی پابندی نہ ہٹانے کی صورت میں بھوک ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔

انہوں نے یہ اعلان گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے نواز شریف صاحب کے گھر کے کھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کھانا لے جانے والا اسٹاف پچھلے پانچ گھنٹے سے جیل کے باہر کھڑا ہے جبکہ میاں صاحب نے جیل کا کھانا کھانے سے انکار کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے اگلے 24 گھنٹے میں یہ پابندی واپس نا لی تو میں عدالت سے رجوع کروں گی اور اگر وہاں سے بھی مدد نا ملی تو میں کوٹ لکھپت جیل کے باہر جا کر بیٹھوں گی، بھوک ہڑتال بھی کرنا پڑی تو کروں گی۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف پر گھر کے کھانے کی پابندی: مریم نواز کی بھوک ہڑتال کی دھمکی


متعلقہ خبریں