اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گریڈ 20 ،21 اور 22 میں ترقیوں کی تیاری کرلی ہے اور اس سلسلے میں سال 2019 کا دوسرا ہائی پاور اور سینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ گریڈ 22 میں بیوروکریٹس کی ترقیوں کیلئے ہائی پاور بورڈ وزیر اعظم پاکستان کی صدارت میں اکتوبر کے آخر میں ہوگا۔
اسی طرح گریڈ 20 اور 21 میں ترقیوں کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بھی نومبر کے آخر میں متوقع ہے ۔
اس سے قبل رواں سال حکومت ایک ہائی پاور اور سینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس بلا چکی ہے،ترقیوں کے بعد گریڈ 20 سے 22 تک کی نئی تعیناتیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال اپریل کے تیسرے ہفتے میں بھی وفاقی بیوروکریسی میں گریڈ 20 اور 21 میں ترقیوں کے معاملے پرسینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس ہوچکا ہے۔
اجلاس میں مختلف سروسز گروپ کے افسران کو گریڈ 20اور21 میں ترقی دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن،چاروں صوبائی آئی جیز اور چیف سیکریٹریز شریک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سال 2019 کاپہلا ہائی پاوربورڈ بھی ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیںایف بی آر میں 22 افسران کی ترقی
میڈیا ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی اختیاراتی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مشیر اسٹیبلشمنٹ،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری کابینہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹو، پولیس، انفارمیشن ،فارن سروس ،سیکر ٹریٹ سمیت دیگر گروپس پر غور کیا گیا۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ کے 7 افسران کو گریڈ 22 میں ترقی کا فیصلہ ہوا۔