مقبوضہ کشمیر: مظلوم کشمیری نے جام شہادت نوش کرلیا

مقبوضہ کشمیر: مظلوم کشمیری نے جام شہادت نوش کرلیا

سری نگر: قابض بھارتی افواج نے بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ وادی چنار کے ضلع اسلام آباد میں ایک اور بے گناہ نہتے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

بھارتی افواج نے نوجوان کشمیری کو شہید کرنے کے لیے اپنا پرانا روایتی حربہ استعمال کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بے گناہ کشمیری نوجوان کو اس وقت شہید کیا گیا جب سیکیورٹی کے نام پر قابض افواج علاقے میں آپریشن کررہی تھیں۔

مقبوضہ وادی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بے گناہ نوجوان کی شہادت کے بعد بھی پورے ضلع میں بدترین ریاستی آپریشن جاری ہے جس پر علاقے میں سخت احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔

مقبوضہ وادی کشمیرمیں قابض بھارتی افواج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ روز بھی چار بہتے بے گناہ نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر: مئی میں 34کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی افواج نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ شہید نوجوان عسکریت پسند تھے اوران کا تعلق جیش محمد سے تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی افواج نے مظلوم کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کو بے خبر رکھنے کے لیے اپنا روایتی ہتھکنڈا استعمال کرتے ہوئے علاقے میں جاری آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروسز مکمل طور پر بند کردی ہیں تاکہ وادی سے باہر کے افراد حقیقی صورتحال سے آگاہ نہ ہو سکیں۔

بھارتی افواج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے افراد کے نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعدا د نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پرنوجوانوں کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں