لندن سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں، فردوس عاشق

 وزیراعظم 25 اپریل کی رپورٹ پر ایکشن لیں گے، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانہ بے رحمی سے لوٹنے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‏لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن سے عوام کا درد بیان کرنا مذاق سے کم نہیں ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے جانے والے حالیہ اضافے پر جاری کردہ بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں ریلیف دینے کے لیے اب تک 60  ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دے چکی ہے۔


وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات نے کہا کہ اگر لاکرز، لانچیں، گھر، پاپڑ، ریڑھی اور فالودے والوں کے اکاؤنٹس نہ بھرے جاتے تو آج ملکی معیشت مستحکم ہوتی۔

فردوس عاشق اعوان نے الزام عائد کیا کہ ملک و قوم کا تیل نکالنے والی ’کرپشن الیون‘ کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر اپنے گناہ بخشوانا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں