’عمران خان وزیر اعظم نہیں نالائق اعظم ہے‘


بہاولپور: پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم نہیں نالائق اعظم ہیں۔ 22 کروڑ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔

مسلم لیگی رہنما مریم نواز نے بہاولپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ میں کوئی ایک بھی اچھی خبر سننے کو نہیں ملی۔ ملک میں بجلی، گیس اور اشیائے خوردو نوش مہنگی ہو رہی ہیں۔ گیس کی قیمتوں میں 140 فیصد اضاہ ہو چکا ہے۔

مریم  نواز نے کہا کہ عمران خان ووٹ چوری کر کے چور دروازے سے حکومت میں آئے ہیں۔ نواز شریف نے جتنی محنت کرکے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا تھا نالائق اعظم نے 10 ماہ میں ہی ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ جو چور دروازے سے آتا ہے اس پر کپکپاہٹ طاری رہتی ہے اور اپوزیشن کی ایک افطاری پر ہی ان کی ٹانگیں کانپنے لگ گئی ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ کہتے تھے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے لیکن عمران خان نے بھیک نہیں مانگی بلکہ خزانے کی چابی ہی آئی ایف ایم کے حوالے کر دی۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ لوگ مزید کچھ ماہ حکومت میں رہیں تاکہ ان کے چہروں سے نقاب اتر جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسی حکومت نہیں جو قرضہ نہ لیتی ہو، نواز شریف قرضے لے کر ملک میں ترقی لائے اور انہوں نے قرضے واپس بھی کیے۔

مریم نواز نے کہا کہ مہمند قبائل کی بچی فرشتہ کے ساتھ پیش آنے والا معاملہ انتہائی افسوسناک ہے اور فرشتہ کے معاملے میں پولیس کا رویہ قابل مذمت ہے۔


متعلقہ خبریں