پاکستانی وفد ایف اے  ٹی ایف حکام سے ملاقات کے لئے آج چین جائے گا


اسلام آباد: پاکستان کا گیارہ رکنی وفد فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے  ٹی ایف) حکام سے ملاقات کے لئے آج چین جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستانی وفد بارہ مئی کو چین کے شہر گوانگ زو روانہ ہوگا اور 14 سے 17 مئی تک ایف اے ٹی ایف کی ٹیم سے مذاکرات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے 27 نکاتی ایکشن پلان پر اپنا جواب تیار کرلیا ہے۔

پاکستان اس بارے میں ادارے کو  اب تک کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے:  پاکستان اور ایف اے ٹی ایف گروپ کے مذاکرات،جائزہ رپورٹ پر تبادلہ خیال

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے ملاقات میں ایشیا پیسفک گروپ کا وفد بھی موجود ہوگا۔

پاکستان  ایف اے ٹی ایف کو  منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے قائم  نئے ڈائریکٹوریٹ کے بارے میں بھی  بریفنگ دے گا جسے ڈائیریکٹوریٹ آف کراس بارڈر کرنسی موومنٹ کانام دیا گیا ہے۔

پاکستانی ادارے گزشتہ دو ہفتے سے اسلام آباد میں جواب کی تیاری میں مصروف تھے۔

پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا  کریں گے جس میں فنانشل مانٹرنگ یونٹ، ایف آئی اے، محکمہ کسٹمز، سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان ،وزارت خزانہ اور وزارت  داخلہ  کے افسر شامل ہوں گے۔

28 مارچ کو اسلام آباد میں ایف اے ٹی ایف کے ایشیا پیسفک گروپ کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جس میں وفد نے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وفد نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وفد نے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں