لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بقول اسٹیٹ بینک کے نئے گورنر ڈاکٹر رضا باقر ملکوں کو قرضے کی غلامی میں رکھنے کے ماہر ہیں۔
نئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی پر ردعمل میں ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان میں باضابطہ دفتر کھول دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نالائق اور نااہل ہیں۔ ملک میں وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کا ہے۔ حکومت عوام کو لارے دے رہی ہے اور مخالفین کو چور چور ڈاکو ڈاکو کہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر رضا باقر گورنر اسٹیٹ بینک مقرر
ڈاکٹر رضا باقر کی تعیناتی پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مذکورہ تقرری اس امر کی تصدیق ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کی قرض اصلاحات اور ریسٹرکچرنگ کا نظام لایا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ملازمین کو پاکستان کے خزانے کی چابی دے دی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کا ملازم تعینات کرکے اسٹیٹ بینک پر آئی ایم ایف کا قبضہ ہوگیا ہے۔ عمران خان نے ملک کو نئی ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کردیا ہے۔ وزیراعظم کے عزائم دیکھتے ہوئے اب قوم کو پاکستان کی جوہری صلاحیت کے لیے فکر مند ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا ہے۔ عوام بلخصوص نوجوانوں کے مستقبل کو آئی ایم کے حوالے کیا ہے۔ خود دار اور غیرت مند قوم کی عزت نیلام کر دی ہے۔
ن لیگ کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب اب آپ کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے آپ نے ملک میں باضابطہ آئی ایم ایف کا دفتر کھول دیا ہے۔ ملک کی آزادی اور خود مختاری گروی رکھ دی ہے۔