ماہرینِ غذائیت نے کہا ہے کہ رات کے کھانے میں مناسب غذاؤں کا انتخاب بلڈ شوگر کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ فائبر، پروٹین اور صحت مند چکنائی سے بھرپور غذائیں خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
ماہرین نے غیر نشاستہ دار سبزیوں، چکنائی والی مچھلی، ایووکاڈو، گریوں اور ایکسٹرا ورجن اولیو آئل کو شام کے بعد استعمال کے لیے مفید قرار دیا ہے۔
غذائی ماہر شیری گاؤ کے مطابق پالک، اسپراگس اور دیگر سبز پتوں والی سبزیاں فائبر سے بھرپور اور کاربوہائیڈریٹس میں کم ہوتی ہیں، جس سے شوگر آہستہ آہستہ جذب ہوتی ہے اور بلڈ شوگر متوازن رہتی ہے۔
ماہرین نے سالمَن، ٹونا اور ٹراؤٹ جیسی چکنائی والی مچھلیوں کو بھی مفید قرار دیا ہے کیونکہ ان میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور پروٹین موجود ہوتے ہیں، جو انسولین حساسیت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایووکاڈو میں موجود فائبر، صحت مند چکنائی اور اینٹی آکسیڈنٹس ہاضمے کو سست کرتے ہیں جس سے شوگر کا اخراج متوازن انداز میں ہوتا ہے۔ اسی طرح بادام اور دیگر گریاں بھی فائبر، پروٹین اور میگنیشیم فراہم کرتی ہیں، جو بلڈ شوگر کنٹرول میں معاون سمجھے جاتے ہیں۔
ایلومینیم فوائل سے وائی فائی سگنل بہتر ہوسکتا ہے؟ دلچسپ تجربے کے حیران کن نتائج
ماہرین نے ایکسٹرا ورجن اولیو آئل کو بھی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور صحت مند چکنائیاں کاربوہائیڈریٹس کے ہاضمے کو سست کرتی ہیں اور انسولین حساسیت بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف مخصوص غذاؤں پر انحصار کرنے کے بجائے متوازن غذا، مناسب مقدار میں کاربوہائیڈریٹس اور رات کے کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی بھی بلڈ شوگر کو بہتر انداز میں کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
