سیاسی وسماجی حلقوں، ذرائع ابلاغ اورسماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک مرتبہ پھر لندن پلان کی افواہیں اور چہ میگوئیاں جاری ہیں۔ اس مرتبہ لندن پلان کے چرچے مسلم لیگ ق کے پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اختلافات ، ق لیگ اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ملاقاتوں اور رابطوں کی افواہوں کے بعد سننے کو مل رہے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے لندن پہنچ جانے نے ان افواہوں کو تقویت دی ہے۔ شہباز شریف پہلے ہی لندن میں موجود ہیں جبکہ نوازشریف کی علاج کے لیے لندن جانے کی استدعا عدالت عظمیٰ نے مسترد کر دی ہے۔
تاہم چوہدری پرویز الہی نے اس بارے میں تمام افواہوں اور خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کا شہبازشریف سے ملنا تو درکنار دور دور تک اس کا امکان بھی نہیں ہے۔
غیر ملکی پرواز کے ذریعے لندن کے ہیتھروائر پورٹ پہنچنے پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ شہباز سے ملاقات کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے ۔
چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے جو اس ملک کے ساتھ کیا ہے وہ پی ٹی آئی اور سارا ملک بھگت رہا ہے۔شہباز شریف نے پنجاب کے اداروں کو اس طرح برباد کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے سابق وزیراعلی پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے اسپتالوں کو برباد کیا،ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض ہوتے تھے۔
چوہدری پرویز الہی نے کہا وہ سو ارب کا سر پلس صوبہ چھوڑ کر گئے تھے ، شہباز شریف نے دو ہزار ارب کا مقروض کر دیاہے ۔
موجودہ وزیراعلی پنجاب کو ہٹائے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الہی نے کہا وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو سب کی حمایت حاصل ہے ، وہ بہترین کام کر رہے ہیں۔
چوہدری پرویز الہی نے کہاعثمان بزدار مضبوط وزیراعلی ہیں،ان کے حوالے سے سب افواہیں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔ بلدیاتی بل پاس ہونے کا مطلب ہے ہم(پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ق) میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ عثمان بزدار اچھا کام کررہے ہیں ۔ پنجاب حکومت کو بہتر چلانے کے لئے مشاورت جاری رہتی ہے اور جو بھی مشورہ دیتے ہیں وہ اچھا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے جتنے بل پاس کئےہیں اتنے کسی صوبائی اسمبلی نہیں پاس کئے۔تاہم کسی بل پر اختلاف ہو تو اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عہدہ ہو یا نہ ہو کام کرتا ہوں اور خدا کا شکر بجا لاتا ہوں۔ہمارا تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد ہے اورہم اس پر قائم ہیں۔
پرویزالہی نے کہا کہ وزیرآباد کارڈ یا لوجی اسپتال پر کام ہو رہا ہےوہ جلداس اسپتال کا افتتاح کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: عثمان بزدار کی تبدیلی ن لیگ کا ایک شوشہ ہے، فردوس عاشق اعوان
پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی مختصر دورے پر لندن پہنچے ہیں ۔
چوہدری پرویزالہی کے دورہ لندن کو لیکر سیاسی وسماجی حلقوں میں ایک بار پھر لندن پلان کی چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں ۔
دوسری طرف مونس الہیٰ کی نئے بلدیاتی نظام پر تحفظات کے بعد رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین بھی متحرک رہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے رہنما ق لیگ مونس الہی کو فون کیا اور غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی ۔ دونوں رہنماؤں نے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے ۔
اس سے پہلے مونس الہیٰ نے بلدیاتی نظام کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو پالیسی پر نظرثانی کا مشورہ دیاتھا۔
یاد رہے اس سے قبل یہ اطلاعات بھی سوشل میڈیا اور مقامی اخبارات میں سامنے آتی رہی ہیں کہ چوہدری پرویزالہی کے صاحبزادے مونس الہی اور حمزہ شہباز شریف کے درمیان ملاقاتیں ہورہی ہیں اور پنجاب حکومت کی تبدیلی سے متعلق پلان بنائے جارہے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل لندن پلان کے چرچے 2014 میں پاکستان تحریک انصاف ،پاکستان عوامی تحریک ،عوامی مسلم لیگ اور پاکستان مسلم لیگ ق کی قیادت کے درمیان لندن میں ہونے والی ملاقاتوں کے بعد سامنے آئے تھے ۔ ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ اسی لندن پلان کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت گرانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے تحریک چلائی تھی ۔