صحت کا عالمی دن: پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہا ہے

صحت کا عالمی دن: پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہا ہے

اسلام آباد: پاکستان سمیت پوری دنیا میں آج صحت کا عالمی دن ’ورلڈ ہیلتھ ڈے‘ بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد عوام الناس میں صحت کی اہمیت اجاگر کرکے انہیں اس ضمن میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے ’ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن‘ کے قیام کے بعد 7 اپریل 1948 کو صحت کا پہلا عالمی دن منایا گیا تھا۔ یہ دن اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت (WHO) کے تحت دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

ہرسال صحت کا عالمی دن کسی ایک تھیم (پیغام ) کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ امسال 2019 میں یہ دن ’ صحت کی مکمل سہولیات ہرایک کے لیے ہر جگہ (Universal health coverage: everyone, everywhere) کے عنوان سے منایا جارہا ہے۔

1948 میں پہلی مرتبہ ’پہلی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی‘ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں اسمبلی نے فیصلہ کیا تھا کہ 1950 سے ہر سال 7 اپریل کا دن ’ورلڈ ہیلتھ ڈ ے‘ کی حیثیت سے منایا جایا کرے گا۔

ورلڈ ہیلتھ ڈے کے موقع پر ڈبلیو ایچ او، حکومتیں، بین الاقوامی ادارے، مقامی سماجی تنظیمیں اور فلاحی ادارے عوامی صحت کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتے ہیں۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی موقع کی مناسبت سے وفاقی وزارت صحت، محکمہ صحت کے صوبائی دفاتر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، طبی تنظیمیں اور این جی اوز خصوصی واکس، سیمینارز، کانفرنسز سمیت دیگر تقاریب منعقد کرتی ہیں۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور مطفرآباد سمیت دیگر شہروں و علاقوں میں منعقد کیے جانے والے سیمینارز اور کانفرنسز میں صحت مند زندگی گزارنے کے اصولوں سے متعلق آگاہی دی جاتی ہے۔

اس موقع پر طبی ماہرین اپنے مقالے پیش کرتے ہیں اور صحت سے متعلقہ نئی تحقیق سے بھی شرکا کو آگاہ کرتے ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ ڈے پر جہاں ٹی وی چینلز خصوصی شوز و بات چیت کا اہتمام کرتے ہیں تو وہیں اخبارات خصوصی اسپیشل ایڈیشنز کا اہتمام کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں