راولپنڈی : پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا ایک اور جھوٹ دنیا کے سامنے پھر بے نقاب کردیا۔ بھارت کے پاکستان میں تباہ ہونے والے روسی ساختہ مگ -21 میں نصب چاروں میزائل سیکرز ہیڈ زدرست حالت میں دکھا دیے۔
بھارت کی جانب سے عالمی برادری کے سامنے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کی فضائیہ نے پاکستان کے ایک ایف -16 طیارے کو تباہ کیا ہے لیکن چونکہ وہ پاکستان کی حددود ہی میں گرا ہے اس لیے پاکستان اس بات کو چھپا رہا ہے۔
پاکستانی طیارے کو نقصان پہنچانے کا کریڈٹ بھارت نے خود ساختہ طور پر اپنے افیسر ابھی نندن کو دیا تھا جن کا مگ -21 جہاز پاکستان میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
پاکستان نے بھارتی تباہ شدہ طیارے کے ملبے سے برآمد ہونے والے چاروں میزائل سیکرز ہیڈز دنیا کے سامنے پیش کرکے ایک اور بھارتی جھوٹ کا پردہ فاش کردیا ہے۔
دلچسپ امر ہے کہ بھارتی جھوٹ کا راز خود بھارتی طیارے کے ملبے نے فراہم کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام کے ساتھ بھارتی طیارے میں نصب چاروں میزائل سیکرز ہیڈز درست حالت میں دکھا دیے ہیں۔
IAF claim of hitting F-16 by their Mig 21 before having been shot down by PAF gets exposed. All 4 missile seeker heads recovered intact from the wreckage & held. Pakistan and its professional Armed Forces staying humble by not drum beating. We have more truth on this to share. pic.twitter.com/jOklFU7GDJ
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) April 5, 2019
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پیغام میں لکھا ہے کہ پاکستان شروع سے ہی ثبوت کے ساتھ بات کررہا ہے اور بھارتی مگ 21 کےچاروں میزائل سیکرز ہیڈز ٹھیک حالت میں ہیں۔
انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارتی جھوٹ کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اورمسلح افواج تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
بھارتی جھوٹ کا پراپگنڈہ امریکی حکام نے بھی یہ کہہ کر فاش کیا ہے کہ پاکستان کے پاس موجود تمام ایف -16 طیارے درست حالت میں موجود ہیں جو اس بات کاثبوت ہیں کہ بھارت نے اس کے کسی ایف -16 طیارے کو نقصان نہیں پہنچایا ہے۔
مؤقر امریکی جریدے ’فارن پالیسی‘ نے گزشتہ روز اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکام کی دعوت پر امریکی حکام نے طیاروں کی گنتی کی ہےتو وہ پورے تھے۔
امریکی میگزین کے مطابق بھارتی حکومت نے عالمی برادری کےسامنے غلط بیانی کی ہے۔