مرید کے: نومولود بچوں کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ گرفتار

مریدکے: نومولود بچوں کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ گرفتار

مرید کے: نومولود بچوں کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ پکڑا گیا۔ گروہ میں شامل دو جعلی لیڈی ڈاکٹروں کو گرفتار کرنے کے بعد جعلی اسپتال سیل کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ مرید کے میں ایک ایسا گروہ سرگرم ہے جو نومولود بچوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہے۔

گروہ کے متعلق یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ وہ نہ صرف غیرقانونی طور پر بے اولاد جوڑوں کو نومولود بچے فروخت کرتا ہے بلکہ غیر قانونی طور پر ڈلیوری کیسز بھی کراتا ہے۔

صوبائی وزیر صحت کی ٹیم نے ڈی ایچ او ڈاکٹر ریاض، ڈی ڈی او ڈاکٹر یونس اور اسسٹنٹ کمشنر سرمد تیمورکے ہمراہ مرید کے میں واقع نذرآباد کے ایک مکان پرچھاپہ مارا تو وہاں دو جعلی لیڈی ڈاکٹر ملیں جو غیرقانونی ڈلیوری کیس کرانے میں مصروف تھیں۔

محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم کو غیر قانونی طور پر قائم اسپتال میں پانچ ایسی خواتین بھی ملیں جن کی ڈلیوری کیسز ہونے تھے۔

ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ جعلی لیڈی ڈاکٹرز نے خفیہ طور پر ایک مکان میں غیرقانونی اسپتال قائم کررکھا تھا جہاں یہ مکروہ کاروبار کیا جاتا تھا۔

محکمہ صحت نے ڈلیوری کرانے کے منتظر خواتین کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کرنے کے علاوہ موقع پر موجود دونوں جعلی لیڈی ڈاکٹرز کو پکڑ کر علاقہ پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق غیرقانونی اسپتال کو سیل کردیا گیا ہے اور وہاں موجود ریکارڈز وغیرہ کی متعلقہ افراد چھان بین کررہے ہیں۔

محکمہ صحت کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مزید ہولناک انکشافات متوقع ہیں۔


متعلقہ خبریں