اسلام آباد: گورنرسندھ عمران اسماعیل کواسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ پر معمولی حادثہ پیش آیاہے۔ وہ ناسازی طبیعت کے باعث گزشتہ رات اسلام آباد ائر پورٹ پر پھسلنے کے باعث معمولی زخمی ہوگئے َ۔
ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے ہم نیوز ڈاٹ پی کے کو بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ رات پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کے بعد کراچی سے اسلام آباد آمد پر پی آئی اے کے لاؤنج میں پیش آیا۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ ان کے ساتھ پروٹوکول اسٹاف بھی موجود تھا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کو سندھ ہائوس اسلام آباد پہنچا دیا گیاہے۔انہیں اسپتال لے جانے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ان کے ساتھ موجود ڈاکٹر نے گورنر سندھ کی مرہم پٹی کی ۔
یہ بھی پڑھیے:گورنر سندھ عمران اسماعیل کا موٹر وے پر چالان
یہ بھی پڑھیے:گورنر سندھ کی پروٹوکول گاڑی کو حادثہ، تین زخمی
یاد رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی پروٹوکول گاڑی کوگزشتہ برس اکتوبر میں حادثہ پیش آیا تھا جس تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ہم نیوز کے مطابق حادثہ سیہون ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔پروٹوکول اسٹاف کے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیاتھا۔ حادثے کے باعث گاڑی کے چاروں ٹائر برسٹ ہوگئے۔
اس سے قبل گورنر سندھ کے قافلے کو بھینسوں کے ایک کاروان کی وجہ سے بھی رکنا پڑا تھا۔ گورنر کے پروٹوکول کے آگے بھینسیں آ جانے کے باعث ان کا قافلہ رک گیا اور جب تک بھینسوں نے سڑک پار نہ کر لی، یہ قافلہ اپنی جگہ رکا رہا۔