پاک فوج کے حق میں ریلیاں


 اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد ملک بھر میں افواج پاکستان کے حق میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں نکالی گئی ریلیوں میں پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد سمیت افواج پاکستان کے حق میں پر زور نعرے بازی کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں پاک فوج کی گاڑیوں پر پھول بھی نچھاور کیے گئے۔

عوام کا پاک فوج کو خراج تحسین

اسی طرح وفاقی دارالحکومت میں بھی عوام کی جانب سے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلبا نے پاک فوج کے حق میں اور  بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

طلبا نے بھارت کے خلاف پلے کاڈرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر طلبا نے پاک فوج کے حق میں نعرے  بازی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی حرمت پر کوٸی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ جذبہ حب الوطنی سے سرشار طلبہ کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔

پاک فوج کے حق میں وکلا کی بھی ریلی 

اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس کے وکلا کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی جبکہ اسلام آباد بارکے وکلا نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ ۔ریلی کی قیادت ایڈوکیٹ سپریم کورٹ عادل عزیز قاضی نے کی۔

یہ پڑھیں: پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے

وکلا کا کہنا تھا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن کو منہ توڑجواب دینا ملکی سلامتی کے لیے اشد ضروری تھا۔

راولپنڈی میں پاکستان کے بھارت کو بھرپور جواب پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور پاک فوج کے سے اظہار یکجہتی کے راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئی۔ واسا  ملازمین نے اپنے دفتر سے مری روڑ تک ریلی نکالی جبکہ جامعہ رضویہ ضیاء العلوم  کے طالبعلموں نے بھی  پاک فوج کے حق میں ریلی کا انعقاد کیا۔

ریلی میں طالب علموں کی جانب سے  پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی جبکہ بھارتی دہشت گرد ہائے ہائے کے نعرے اور مودی کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا رویہ پیشہ وارانہ اور انتہائی متاثر کن ہے، گرفتار بھارتی پائلٹ

راولپنڈی میں ہی مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے زیر اہتمام پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ جس میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا کی جانب سے  پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ تاجروں کی ریلی کے راستے میں دکاندار کی بھی پرجوش نعرے بازی کی۔

لاہور میں بھی پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے وکلا نے ریلی نکالی اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ ریلی میں پاک فوج ہم تمہارے ساتھ  ہیں کے نعرے لگائے گئے۔

لاہور علاقے گلشن راوی میں شہریوں نے بھی  پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔ اس موقع پر شہریوں نے بھارتی جھنڈا زمین پر بچھا دیا اور پائؤں تلے روند ڈالاجبکہ نوجوان موٹرسایئکل پر سوار ہوکر پاکستان فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ شرکا نے بھارتی  وزیراعظم مودی کی تصویروں پر جوتیوں کے ہار پہنائےاور پتلا نذر آتش کیا۔

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرین نے بارڈر کی طرف مارچ کیا۔ ریلی میں شامل سینکڑوں افراد نے اقوام متحدہ (یو این او) آفس کے باہر بھارتی جارحیت کے خلاف اجتجاجی مظاہرہ بھارت مخالف نعرے بازی کی۔

واضح رہے آج پاکستانی فضائیہ کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی طیاروں کو گرایا گیا ہے جبکہ ایک پائلٹ کو زندہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں