کراچی: شہر قائد میں ہم نیوز کی گاڑی پر مسلح ملزمان کے حملے کا کراچی پولیس کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے نوٹس لے لیا۔ انہوں نے ڈی آئی جی ایسٹ سے واقع کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری طور پر مسلح ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے ملیر 15 کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے ہم نیوز کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔
منہ پر نقاب باندھے ہوئے مسلح ملزمان نے حملہ اس وقت کیا جب دیگر میڈیا کی گاڑیوں کے ساتھ ہم نیوز کی بھی گاڑی جعفر طیار سوسائٹی سے جارہی تھی۔
ہم نیوز کے مطابق حملے کی اطلاع بروقت دیے جانے کے باوجود پولیس روایتی طور پر تھانہ حدود کے تنازعے کا شکار ہوگئی اور نتیجتاً کارروائی میں تاخیر ہوئی۔
کراچی پولیس کے سربراہ کی جانب سے واقع کا نوٹس لیے جانے پر پولیس حرکت میں آئی ہے۔ علاقہ پولیس کی جانب سے سعود آباد اور چٹائی گراؤنڈ ملیر سٹی کے اطراف سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
آئی جی سندھ کلیم امام نے ایس ایس پی ملیرسےتحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق منہ باندھے ہوئے مسلح ملزمان کی تلاش میں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے علاقوں کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کی نگرانی کے لیے اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر ڈی ایس پی ملیر سٹی، ایس ایچ او ملیر اورایس ایچ او سعودآباد خود موجود ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی جانب سے ہم نیوز کی گاڑی پر مسلح افراد کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے اور میڈیا نمائندگان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا پر حملے عوام کی آواز دبانے کی سازش ہے۔ ہم نیوز کی گاڑی پر حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔