پاک-بھارت وزرائے خارجہ کا آئندہ ہفتے آمنا سامنا متوقع

پاک-بھارت وزرائے خارجہ کا آئندہ ہفتے آمنا سامنا متوقع | ہم نیوز

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کا آئندہ ہفتے ابوظہبی میں آمنا سامنا متوقع ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور شسما سوراج اگلے ہفتے ابوظبی جائیں گے۔

یکم مارچ سے ابوظبی میں دو روزہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس شروع ہوگا۔ بھارت اجلاس میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کرے گا۔

سفارتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کا امکان انتہائی کم ہے۔

یادرہے کہ 14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بم دھماکے سے بھارت کے 44 سے زائد فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا۔

بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: وزیرخارجہ کا دورہ جاپان ملتوی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال انتہائی بری خطرناک ہے اور امریکی انتظامیہ اس ضمن میں دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔

صدر ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ کشمیر میں مظلوم لوگوں کی اموات کا سلسلہ رکنا چاہیے۔ ٹرمپ نے دونوں ممالک کو امن و سکون سے رہنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔

پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے چین نے بھی حملے کی تحقیقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنانے کا مشورہ دیا تھا۔

چینی وزرات خارجہ نے سوال اٹھایا تھا کہ کیا ایسے شواہد موجود ہیں جن سے یہ ثابت جاسکے کہ حملہ آور کا تعلق کالعدم تنظیم جیش محمد سے تھا۔


متعلقہ خبریں