موجودہ حالات کا اثر کلبھوشن کیس پر نہیں پڑے گا، امتیاز گل


اسلام آباد: تجزیہ کار امتیاز گل کا کہنا ہے کہ اس وقت صورتحال ایسی ہوچکی ہے کہ بھارت بات چیت پر آمادہ نہیں ہوگا۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے تعلقات جیسے بھی ہوں اس کا اثر کلبھوشن کیس پر نہیں پڑے گا۔

نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے اسپیکر سندھ اسمبلی کو گرفتار کیا گیا، اس طرح نیب کا ادارہ بدنام ہورہا ہے۔

پروگرام کے دوسرے مہمان دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر(ر) عمران ملک نے کہا کہ اس وقت حقائق پر بات کرنے کی ضرورت ہے، یہ کوئی فلم نہیں بلکہ حقیقت ہے۔

نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کے معاملات کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار نصر اللہ ملک نے کہا کہ ان حالات میں بہت سنبھل کر چلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نیب کے حوالے سے کہا کہ مستقبل میں سندھ حکومت کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

حکومت اور اپوزیشن کے رویے پر بات کرتے ہوئے پروگرام کے مہمانوں کا کہنا تھا کہ یہ ملک کے لیے اچھا نہیں جبکہ آنے والے دنوں میں یہ کشیدگی اور بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ساری توجہ احتساب کی جانب ہی رکھی۔ حکومت نے کبھی اپوزیشن سے بات نہیں کی اور مارچ میں حکومت کے لیے بہت مشکل حالات ہوں گے کیونکہ اسلام آباد میں تمام جماعتیں مارچ کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت خود اپنے لیے حالات خراب کررہی ہے، حکومت کی ساری توجہ صرف احتساب کی جانب ہے۔


متعلقہ خبریں